حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ/ الہدی اسلامی تحقیقاتی مرکز ( اتم ) کے زیر اہتمام خیر العمل آرگنائزیشن سیسکو شگر پاکستان کے تعاون سے شب نزول قرآن کریم کی مناسبت سے قم المقدسہ میں نوبالیغ بچوں اور بچیوں کے اعزاز میں افطار دعوت دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، آئین حیات کے نام سے منعقدہ اس تقریب میں جناب مولانا غلام محمد کی امامت میں نماز ادا کی گئی اور نماز کے بعد تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا اور چند بچوں نے سرود اور ترانہ پیش کیئے اور برادر مولانا اکبر علی ترابی نے منقبت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب برادر مہدی رضوانی سیکریٹری جنرل خیر العمل سیسکو نے کہا کہ آپ سب خوش قسمت ہیں کہ صحیح اور سلامتی کے ساتھ آپ عمر کے اس حصے میں داخل ہو گئے ہیں جہاں پر پروردگار عالم فرمان کے مطابق کتب علیکم الصیام کے مصداق ٹھہرے اور باقاعدہ طور پر روزہ واجب ہوگیا اور آپ نے ایک سچا مسلمان ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے پورا ایک ماہ روزہ رکھا، جو قابل تحسین ہے اور آپ کے والدین کے لئے مسرت کا موقع ہے۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الہدی اسلامی تحقیقاتی مرکز کے سربراہ حجت الاسلام غلام محمد شاکری نے کہا کہ آپ سب خوشبخت ہے کہ کمسنی کے عالم میں خدا کے حکم کے اطاعت کرتے ہوئے نہ صرف روزہ رکھ رہیں ہیں بلکہ باقاعدہ گی سے نماز بھی پڑھتے ہیں۔ یقینا اطاعت اور بندگی کا جو شرف ملا ہے اسے کھبی بھی ہاتھ سے جانے نہ دیں خواہشات کی کنٹرول میں ہی سعادت اور عزت ہے جیسا کہ قرآن مجید اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ عزت اللہ، رسول اور مومنین کے لئے ہے لہذا مومن بنے کی کوشش کریں۔ محفل کے آخر میں ان بچوں اور بچیوں کے لیے اتم کی طرف سے ہدیہ پیش کیا گیا۔